جو خواتین گھر میں کپڑے سیتی ہیں انھیں اکثر مشین سے متعلق مسئلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ٹھیک کروانے کیلیئے کسی کاریگر کو بلانا پڑتا ہے یا پھر دکان پر صحیح کروانے دینا پڑتا ہے، اور اصل میں مسئلہ اتنا بڑا نہیں ہوتا جتنا کاریگر پیسے لے لیتا ہے۔ اسلیئے آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ گھر بیٹھے آپ خود کیسے اپنی مشین ٹھیک کرکے اپنے ہزاروں روپے بچا سکتی ہیں۔
دھاگہ ٹوٹ جانے کی وجہ:
عام طور پر یہ مسئلہ تب ہوتا ہے جب مشین کے اندر لگی چھوٹی سی دھاگے کی ڈبی کا دھاگہ بہت زیادہ ٹائٹ یعنی کَس جاتا ہے یا پھر کافی ڈھیلا ہوجاتا ہے، اس صورت میں مشین چلتے چلتے دھاگہ ٹوٹ جاتا ہے۔
کپڑے پر سلوٹیں یا کھچاؤ کا آنا:
اکثر آپ نے دیکھا ہوگا کہ کپڑے پر سلائی لگاتے وقت ان پر دھاگے سے کھچاؤ اور سلوٹیں بن جاتی ہے جس سے سلائی میں نفاست نہیں کھائی دیتی اور بعض اوقات تو گُچھا بھی بن جاتا ہے۔ اس سے بچنے کیلیئے ایک آسان سا طریقہ آپ کی خدمت میں پیش ہے۔
مشین ٹھیک کرنے کا طریقہ:
سب سے پہلے پیچ کَس کی مدد سے مشین میں سلائی کی جگہ پر لگا ہوا اُسکا پیر کھولیں، پیر کھولنے کے بعد اسکی پٹری کھولنے کیلیئے وہاں دو اِسکُرو لگے ہونگے انہیں بھی کھول کر نیچے لگی پلیٹ نکال لیں۔ اب سب سے پہلے انگلی سے چیک کریں کہ جس سوراخ میں سوئی ڈالی جاتی ہے وہ کُھردُرا تو نہیں اگر اس میں خراش محسوس ہو تو آپکو کرنا یہ ہے کہ، ریگ مال کا ایک ٹکڑا لے کر اسکی مدد سے اس جگہ کی گھسائی کریں اور اس وقت تک گھسیں جب تک کہ پلیٹ کی سطح ہموار نہ ہوجائے۔ اب اس پلیٹ کو واپس اسکی جگہ پر لگا کر دونوں پیچ لگانے کے بعد اسکا پاؤں بھی لگادیں۔ جب یہ سب ہوجائے تو مشین سے سلائی لگا کر چیک کرلیں کہ اب تو اس میں کھچاؤ نہیں۔ اس عمل کو مزید اچھے سے سمجھنے کیلیئے آپ نیچے لگی ویڈیو دیکھ سکتی ہیں۔
سلائی کرتے وقت کپڑے پر دانہ محسوس ہونا:
سلائی کرتے وقت اگر کپڑے میں نیچے کی طرف سے دانہ محسوس ہو تومشین پر لگی چوڑیوں کو دو سے تین بار ٹائٹ کرلیں اور اگر دانہ اوپر کی جانب سے محسوس ہوتو دو تین چوڑیاں ڈھیلی کر دیں۔ اس سے آپکا یہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔