لال بیگ جنہیں لوگ انگریزی حرف کاکروچ کے نام سے بھی جانتے ہیں، اکثر گھروں میں جابجا پائے جاتے ہیں۔ ان کا سب سے پسندیدہ مقام کچن ہوتاہے، یہی وجہ ہے کہ یہ لال بیگ خاتون ِ خانہ کو ذہنی الجھن کا شکار کردیتے ہیں، کیونکہ یہ کچن کی ہرچیز میں گھس جاتے ہیں، پکا ہوا کھانا ہو یا کچے دال چاول، چینی ہو یا نمک، پلیٹیں ہوں یا چمچ، کیبنٹ ہو یا بیسن غرض یہ کہ ہر چیز میں یہ لال بیگ گھستے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ انہیں دیکھ کر عجیب سی گھِن بھی آتی ہے، یہی وجہ ہے کہ خواتین انہیں فوراً ختم کرنے کیلئے تگ و دو کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ لال بیگ مختلف جراثیم خاص طور پر E Coli Bacteria پھیلانے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اکثر کھانوں میں جب یہی گھس جاتے ہیں تو ان کھانوں کو استعمال نہیں کیا جاتا۔ کیونکہ اس کے استعمال سے انسان کے بیمار پڑجانے کا خدشہ رہتاہے۔ لیکن سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ اگر لال بیگ زیادہ تعداد میں ہوجاتے ہیں توا نہیں ختم کیسے کیاجائے، خواتین کیلئے یہ سوال یقیناً سردرد کا باعث بن جاتاہے۔ اس مضمون میں خواتین کی آسانی سے لال بیگ سے چھٹکارہ پانے کے چند طریقے بتائے جارہے ہیں ، جن پر عمل کرکے خواتین اپنے گھروں سے لال بیگ کو ختم کرسکتی ہیں۔
کچن کو صاف رکھیں:
کچن کی صفائی کریں، وقتاًفوقتاً لال بیگ کو ختم کرنے کیلئے اسپرے کریں۔ کچن کیبنٹ میں بچھائے گئے کاغذ یا پلاسٹک شیٹ کو بھی تبدیل کریں۔ کوشش کریں کہ کچن کا ہر کونا صاف ہو، کسی کونے میں کچرا یا سامان جمع نہ ہو۔ یاد رکھیں کہ لال بیگ کھانے پینے کی اشیا یا گندگی پر سب سے زیادہ پائے جاتے ہیں، اس لئے اس طرف خاص دھیا ن دیں۔ کھانے کی کوئی چیز کچن میں گرجائے تو اسے فوراً صاف کریں۔ اسی طرح صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں، کچن کے ڈسٹ بن کو باقاعدگی سے خالی کریں۔ جب ان باتوں پر عمل کریں گی تو جلد ہی لال بیگ سے چھٹکارا پالیں گی۔