پاکستان میں سیلاب کی تباہی نے جہاں اور نقصان کئے ہیں وہاَں کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ وجہ فصلوں کی تباہی ہو یا ذخیرہ اندوزوں کی ہوس، سچ یہ ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے نچلے و متوسط طبقوں کو ازحد متاثر کیا ہے۔ ظاہر ہے، دس پندرہ ہزار روپے کمانے والا 400 روپے کلو ٹماٹراور200 روپے کلو پیاز خرید کر نہیں کھا سکتا۔ عام سبزیوں کی قیمتیں دن بہ دن بڑھ رہی ہیں۔اس مہنگائی کا ایک توڑ یہ ہے کہ اپنے گھر میں کم از کم روزمرہ استعمال کی سبزیاں مثلاً ٹماٹر،آلو،پیاز،گوبھی،دھنیا،پودینہ اگا لی جائیں۔ان کا اگانا مشکل نہیں اور نہ ہی وسیع زمین کی ضرورت ہے،بس یہ عمل تجربہ اور محنت مانگتا ہے۔ ٹماٹر گھروں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سبزی ہے، اسکے مہنگے ہونے کی وجہ سے خواتین بڑی مشکل میں آگئی ہیں، زیادہ تر سالنوں اور سبزیوں میں ٹماٹر کے بغیر مزہ نہیں آتا۔ اسی لئے آج ہم یہاں آپ کو گھر میں ٹماٹر کا پودا لگانے کا طریقہ بتائیں گے۔
ٹماٹر کیسے اگائیں؟
ٹماٹر کا پودا معتدل موسم میں پلتا بڑھتا ہے۔اگر درجہ حرارت 32 سینٹی گریڈ سے زیادہ یا 10سینٹی گریڈ سے کم ہو جائے، تو وہ صحیح طرح پرورش نہیں پاتا۔ خصوصاً گرمی زیادہ ہو تو اس کا توڑ پودے کو زیادہ پانی دینا ہے۔ تاہم پودے کو زیادہ نمی سے بھی بچائیے۔ نمی اسے مختلف امراض کا نشانہ بنا ڈالتی ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ٹماٹر کا پودا پلاسٹک کے کسی ڈبے یا برتن میں لگائیے۔ وجہ یہ کہ ایسا برتن گملے کے برعکس جلد نمی نہیں چوستا اور خشک ہونے میں دیر لگاتا ہے۔ دوسرے پلاسٹک کے چھوٹے برتن عموماً گملوں کی نسبت سستے پڑتے ہیں۔ جب موزوں ڈبے یا برتن کا انتخاب کر لیں، تو اس کا پیندا دیکھیے۔ اگر اس میں سوراخ نہ ہوں ،تو چھوٹے چھوٹے چھ سات سوراخ کر دیجیے تاکہ مٹی میں پانی کھڑا نہ ہو، جمع شدہ پانی پودے کو سڑا کر مار ڈالتا ہے۔ تاہم سوراخ اتنے بڑے نہ ہوں کہ ساراپانی مٹی میں جذب ہوئے بغیر نکل جائے۔ اب ڈبا کھاد ملی مٹی سے بھر دیجیے۔ پودے اگانے والی مٹی ہر نرسری سے مل جاتی ہے۔ یہ کام تکمیل پائے، تو بیج بونے کا مرحلہ آتا ہے۔ اس کے لئے کسی بھی ٹماٹر میں سے بیج نکالئے اس کو دھو کر الگ الگ کر لیں اور گملے یا برتن میں مٹی کے بیچ میں دبا دیجیے۔ تھوڑا تھوڑا پانی ڈالیں زیادہ کی ضرورت نہیں ہے۔
دو ہفتے میں پودا نکل آئے گا۔ اس کے بعد دو سے تین مہینے میں پھول اور پھر تین سے 4 ماہ میں آپ گھر کے لگے مزیدار رسیلے ٹماٹروں سے لطف اندوز ہورہے ہوں گے۔