تین حمل ضائع ہوئے اور لوگ پوچھتے ہیں صرف ایک بیٹی کیوں ہے؟ ژالے سرحدی

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان ژالے سرحدی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے تین حمل ضائع ہوچکے ہیں اور لوگ سوال کرتے ہیں کہ صرف ایک ہی بیٹی کیوں ہے۔

اداکارہ ژالے سرحدی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں جسمانی صحت پر ہونے والی تنقید اور نجی زندگی سے متعلق گفتگو کی اور بتایا کہ کس طرح لوگوں کی جانب سے فضول سوال کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں لوگوں کے پوچھنے پر بتاتی ہوں کہ میری ایک بیٹی ہے تو وہ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ اچھا صرف ایک ہی بیٹی کیوں؟ دوسرے بچے کیوں نہیں ہیں؟

ژالے سرحدی نے کہا کہ اب میں انہیں کیسے سمجھاؤں کہ میرے تین حمل ضائع ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے مجھے ہائپو تھائیرائیڈ ہے اور یہ اس لیے نہیں ہوا کہ میں نے ڈائٹ یا ورزش کی تھی، یہ بس ہوگئے۔

اداکارہ نے بتایا کہ حمل ضائع ہونے سے خواتین کے جسم پر طویل مدت تک اثرات رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب فلم کی شوٹنگ کررہی تھی مجھے معلوم ہوا ہے کہ حاملہ ہوں اور کچھ دنوں بعد حمل ضائع ہوگیا، اس کے بعد وزن بڑھنا شروع ہوگیا جب ڈاکٹر کے پاس گئی تو پتا چلا کہ مجھے ہائپو تھائیرائیڈ ہے۔

ژالے سرحدی نے کہا کہ آپ کی ذہنی صحت جسمانی صحت کی طرح اہم ہے، جس طرح آپ اپنی جسمانی صحت کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں اسی طرح ذہنی صحت کے لیے ماہر نفسیات موجود ہیں، میں نے ماہر نفسیات سے رجوع کیا ہے۔

You May Also Like