مشہور بھارتی ماڈل، ڈانسر اور اداکارہ ملائکہ اروڑا کسی تعارف کی محتاج نہیں، وہ اپنے کام کی وجہ سے ہر جگہ جانی پہچانی جاتی ہیں۔ انھوں نے "موونگ ان وِد ملائکہ" کے نام سے ایک نئے سلیبرٹی ٹاک شو کا آغاز کیا ہے۔ یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ ملائکہ، سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی سابق اہلیہ ہیں اور ان دنوں اداکار ارجن کپور کے ساتھ ہیں۔
ملائکہ نے کبھی اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں آن کیمرہ بات نہیں کی ہے جس کی وجہ سے ان کو لے کر میڈیا میں کافی قیاس آرائیاں اور افوائیں پھیلی ہوئی ہیں، لیکن اب پہلی بار انھوں نے اپنے شو میں معروف فلمساز فرح خان کے ساتھ گفتگو کے دوران اپنے سابق شوہر ارباز خان کے بارے میں بات کی۔
ان کی شادی شدہ زندگی کے بارے میں تفصیلات پوچھنے پر ملائکہ اروڑا نے بہت سے نامعلوم راز بتائے اور ارباز خان کے ساتھ اپنی شادی کے بارے میں بہت سی غلط فہمیوں کو دور کیا۔ فرح خان نے جب ملائکہ سے ان کے پروپوزل کی کہانی کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے حیران کن انکشاف کیا کہ، "ارباز کو شادی کے لیے میں نے پرپوز کیا تھا"
ملائکہ نے مزید کہا کہ وہ اپنی زندگی میں بہت جلد شادی کرنا چاہتی تھیں تاکہ وہ گھر سے نکل کر اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا، "میری شادی بہت جلد ہوئی، میں بہت چھوٹی تھی اس وقت۔ کیونکہ میں صرف گھر سے نکلنا چاہتی تھی تو شادی ہی ایک راستہ سمجھ آئی اسلیئے میں نے ہی ارباز کو پرپوز کردیا۔"
فرح خان کے ساتھ اپنی واضح گفتگو میں مزید آگے بڑھتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ، ارباز ایک شاندار شخص ہے، اس نے مجھے وہ انسان بننے دیا جو میں آج ہوں۔ میں اپنے بارے میں بہت کچھ محسوس کرتی ہوں کہ میں آج جو ہوں وہ اس کی وجہ سے ہوں۔ میں اور ارباز آج ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔
فرح نے پوچھا، دبنگ تک آپ کے بیچ سب ٹھیک تھا؟ ملائکہ نے فرح کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، "ہم میں مسئلے چل رہے تھے، چونکہ شادی کے وقت ہم چھوٹے تھے اور اتنی سمجھ نہیں تھی، پر بعد میں پھر ہم دونوں کا مزاج بدلتا گیا جس کی وجہ سے ہم نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔"