حسن اور خوبصورتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا ایک بہت ہی اہم حصّہ ہے کیونکہ زیادہ تر اسی بنیاد پر آپ کو کام ملتا ہے، بہت سے لوگوں نے تو اپنی شکل کی بنیاد پر پروجیکٹس کھونے کی شکایت بھی کی ہے۔ انڈسٹری میں کام کرنے کے لیے خوبصورتی کا ایک مقررہ معیار ہوتا ہے جیسے کہ گورا صاف رنگ، اچھے اور چمکدار بال اور جمعہ مبارک کے انسٹاگرام پوسٹس انڈسٹری میں متعلقہ رہنے کے لیے اہم ہیں۔ اسی حسن و خوبصورتی کی نکھارنے اور جوان دکھنے کے کئی سارے ٹریٹمنٹ آج کل مارکیٹ میں آگئے ہیں جن سے ہمارے اداکار بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ حال ہی میں بشریٰ انصاری جو کہ شوبز انڈسٹری کی ایک جانی مانی اور تجربہ کار اداکارہ ہیں، انھوں نے بیوٹی ڈرپ لگوائی تھی اور انسٹاگرام پر اسکی پوسٹ بھی شئیر کی تھی۔ بشریٰ انصاری ایک پراعتماد خاتون ہیں اور وہ اپنی بیوٹی ٹپس اور ٹرکس شیئر کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتی ہیں، جو انہوں نے استعمال کی ہیں یا کرتی ہیں۔ وہ کچھ وقت قبل شائستہ لودھی کے کلینک میں کلائنٹ بن کر گئی تھیں، جہاں انہوں نے بیوٹی ٹریٹمنٹ لی تھی جس پر کافی لوگوں نے سوال بھی اٹھائے تھے۔ جس پر بشریٰ نے بتایا کہ وہ اپنی جلد کو تروتازہ اور خوبصورت رکھنے کے لیے وٹامن ڈرپس لے رہی ہیں کیونکہ اچھا دکھنا انکا حق ہے۔ انھوں نے تو دوسرے لوگوں کو بھی جوان اور خوبصورت نظر آنے کے لیے یہ ٹریٹمنٹ کروانے کا مشورہ دیا ہے۔ بشریٰ نے اپنی خوبصورت شکل کے لیے کولیجن بوسٹر کے ساتھ ملٹی وٹامن بھی لیا۔