غذائیت سے بھر پور ساگودانہ سے سب ہی بخوبی واقف ہیں، اسے عام طور پر سابودانہ بهی کہتے ہیں یہ "ساگو" نامی درخت کا پھل کہلاتا ہے۔ یہ موتی کی طرح سفید دانے ہوتے ہیں جنہیں دودھ یا پانی میں پکایا جاتا ہے۔ مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ساگودانہ تقریباً ہر گھر میں ہی استعمال کیا جاتا ہے، مگر اس کے حیران کن فوائد سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔
یہ بہت صحت بخش اور ہلکی پھلکی غذا کے طور پہ بھی استعمال کیا جاتا ہے، زیادہ تر لوگ اسے پیٹ کی خرابی، بیماری یا بچوں کی خوراک کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس غذا کو ہر عمر کا فرد کھا سکتا ہے۔ تو آئیے اسکے فوائد کے بارے میں آپ کو بتاتے ہیں۔
دورانِ حمل بچے کی نشونما:
حاملہ خواتین اپنی خوراک میں ساگو دانہ بھی شامل کر سکتی ہیں کیونکہ اس سے پیدا ہونے والے بچے کی صحت مند نشوونما میں مدد ملتی ہے۔ وٹامن بی 6 اور فولیٹ سے بھرپور غذا پیٹ میں بچے کی نشوونما میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ یہ شیر خوار بچوں میں نیورل ٹیوب کی خرابیوں کو بھی روکتا ہے۔
جلد کی خوبصورتی کے لیئے:
جلد کی خوبصورتی کو نکھارنے کیلیئے ساگودانہ کا پیسٹ چہرے پر لگانے سے فائدہ ہوتا ہے کیونکہ ساگو دانہ کے امینو ایسڈز اور اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو بہترین بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ساگو دانہ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس چہرے کی باریک لکیروں اور جھریوں کو چھپانے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتا اور جلد کی نرمی کو بھی فروغ دیتا ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے:
ساگو دانہ وٹامن کے٬ کیلشیم اور آئرن سے بھی بھرپور ہوتا ہے اور یہ اجزاﺀ ہڈیوں کی صحت بہترین بنانے اور انہیں لچکدار بنانے کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں- اس کے علاوہ یہ اجزاﺀ توانائی کی سطح میں اضافے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں- اسی وجہ سے ساگو دانہ ایسے بچوں کو کھلانا زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے جو بڑھنے کی ابتدائی عمر سے گزر رہے ہوں۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرئے:
ساگو دانہ میں پوٹاشیم کی بھر پور مقدار پائے جانے کی وجہ سے خون کی گردش متوازن رہتی ہے جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، ساگو دانہ کے استعمال سے بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے، بی پی کے مریضوں کے لیے ایک دن میں ایک کپ سادہ پکا ہوا ساگو دانہ فائدے مند ہے۔
وزن میں اضافہ:
جو لڑکیاں یا خواتین بہت زیادہ کمزور ہیں اور وزن بڑھانے کی خواہش مند ہیں انھیں ساگودانہ کھانا چاہیئے کیونکہ اس میں بھاری مقدار میں پائے جانے والے کاربوہائیڈریٹس وزن میں اضافہ کرتے ہیں۔ ساگو دانہ ایک ایسی بہترین غذا ہے جس میں پائے جانے والے اجزاﺀ آپ کو ایک مناسب جسمانی وزن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔