روزہ کھولنے کیلئے افطار پر استعمال ہونے والی کھجور سحری میں بھی کھانا کیوں ضروری ہے؟

ماہ رمضان میں کھجور کا استعمال باقی مہینوں کی نسبت بڑھ جاتا ہے بالخصوص افطار کے وقت دستر خوان پر کھجور لازمی ہوتی ہے، افطار کے وقت کھجور کھانا جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے جبکہ سحری میں بھی اگر کھجور کھائی جائے تو اس کے متعدد طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

سحری میں کھجور کھانے کے فوائد

کھجور فوری توانائی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے، سحری میں کھجور کھانا دن بھر تر و تازہ رہنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے، صبح کے وقت کھجور کھانے سے تھکاوٹ دور ہوجاتی ہے۔

اس کے علاوہ، جِلد میں نکھار آتا ہے اور ایکنی جیسے جِلدی مسائل سے بھی نجات ملتی ہے۔ کھجور کو فائبر کا پاور ہاؤس مانا جاتا ہے جو نظامِ ہضم کو بہتر کرنے اور قبض کو ختم کرنے میں معاون ہوتا ہے۔

اس کے استعمال سے صحت پر آنے والے دیگر فوائد درج ذیل ہیں:

دماغی و اعصابی نظام پر مثبت اثرات

کھجور دماغی افعال کو بہتر بنانے کے لیے مشہور ہے، اس کے باقاعدہ استعمال سے ہماری دماغی صحت بہتر ہوتی ہے،کھجور میں مختلف بی وٹامنز جیسے بی 1، بی 2، بی 3 اور دیگر معتدل مقدار میں پائے جاتے ہیں جس سے روزانہ کی بنیاد پر درکار وٹامن بی حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ذیابطیس پر کنٹرول

صحت کے لیے مفید کھجور میں قدرتی مٹھاس زیادہ ہوتی ہے اور یہ چینی کے مقابلے میں منہ میٹھا کرنے کی خواہش بھی پوری کرتی ہے۔ کھجور جسم میں جاکر انسولین بڑھاتی ہے جس سے ذیابطیس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

ہڈیوں کیلئے مفید

جوڑوں کے درد سے چھٹکارا پانے کے لیے کھجوروں کا استعمال نہایت مفید سمجھا جاتا ہے۔ اگر کسی کی ہڈیاں کمزور ہوں یا جوڑوں میں درد ہو تو انہیں چاہیے کہ کھجوروں کو اپنی معمول کی خوراک کا حصہ بنالیں، تاہم ذیابطیس کے مریض پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرلیں۔

امراضِ قلب سے نجات میں معاون

کجھور کے باقاعدہ استعمال سے شریانوں میں رکاوٹ اور دل کی بیماریوں کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ امراض قلب میں مبتلا افراد اپنے معالج کے مشورے سے کھجور کا استعمال کرسکتے ہیں۔

You May Also Like