بیوی مر جاتی تو صدمہ برداشت نہ کر پاتا ۔۔ بیوی کو گردہ عطیہ کر کے شوہر نے محبت کی بہترین مثال قائم کر دی

ابو ظہبی کے برجیل میڈیکل اسپتال میں فلپائن سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ فریڈرک ویلینٹ نے اپنا ایک گردہ37 سالہ بیوی ماریہ تھریسا کو عطیہ کردیا۔ خاتون گردے کی بیماری میں مبتلا تھی، ماریہ کو زندہ رہنے کے لیے ہفتے میں تین بار ڈائیلاسز کروانے پڑتے تھے، تاہم جوڑے نے ڈاکٹروں سے مشورہ کرکے گردہ ٹرانسپلانٹ کروانے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد ماریہ کے لیے ایک گردہ عطیہ کرنے والے ڈونر کی تلاش شروع کی گئی تو ماریہ کی بھانجی نے گردہ دینے کا فیصلہ کیا تاہم طبی وجوہات کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا۔ پھر ماریہ کے شوہر نے ہی بیوی کو گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا، تمام طبی معیار پر پورا اترنے کے بعد8 گھنٹے کی پیچیدہ سرجری کرتے ہوئے ڈاکٹروں کی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ ٹرانسپلانٹ پورا کیا۔

فریڈرک کاکہنا ہے کہ میں نے صرف وہی کیا جو کوئی بھی شوہر کرے گا ، میں اپنی بیوی سے پیار کرتا ہوں اور اس کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہوں ،مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنا ایک گردہ عطیہ کر کے بیوی کو معمول کے مطابق زندگی گزارنے میں مددکی۔ رپورٹس کے مطابق فریڈرک اور ماریہ کی شادی کو تقریباً8 سال ہوچکے ہیں، جوڑے کے دو بچے ہیں، یہ گزشتہ 10 سال سے شارجہ میں مقیم ہیں۔

You May Also Like